Thursday, August 28, 2014

پیغمبری دعائیں



اُدْعُوْنِيْٓ اَسْتَجِبْ لَكُمْ
یعنی اے بندو ! تم لوگ مجھ سے دعائیں مانگو میں تمہاری دعاؤں کو قبول کروں گا۔

اور حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے بھی دعاؤں کی اہمیت اور ان کے فوائد کا ذکر فرماتے ہوئے اپنی امت کو دعائیں مانگنے کی ترغیب دلائی اور فرمایا کہ

لَيْسَ شَيْيٌ اَکْرَمَ عَلَي اللّٰهِ مِنَ الدُّعَآءِ

یعنی اﷲ تعالیٰ کے دربار میں دعا سے بڑھ کر عزت والی کوئی چیز نہیں ہے۔ ..... ترمذی باب فضل الدعاء ص۱۷۳ جلد۲  

اور دعاؤں کی فضیلت و اہمیت کا اظہار فرماتے ہوئے یہاں تک ارشاد فرمایا کہ

اَلدُّعَآءُ مُخُّ الْعِبَادَةِ

یعنی دعا عبادت کا مغز ہے .... ترمذی جلد۲ ص۱۷۲

اور یہ بھی فرمایا

مَنْ لَّمْ يَسْئَلِ اللّٰهَ يَغْضَبْ عَلَيْهِ

جو خدا سے دعا نہیں مانگتا خدا عزوجل اس سے ناراض ہو جاتا ہے۔..... ترمذی جلد۲ ص۱۷۲ ابواب الدعوات

اس لئے طب نبوی کی طرح حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی ان چند دعاؤں کا تذکرہ بھی ہم اس کتاب میں تحریر کرتے ہیں جو آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے معمولات میں رہی ہیں اور جن کے فضائل و فوائد سے آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے اپنی امت کو آگاہ فرما کر ان کے ورد کا حکم فرمایا ہے تا کہ سیرت نبویہ کے اس مقدس باب سے بھی یہ کتاب مشرف ہو جائے اور مسلمان ان دعاؤں کا ورد کر کے دنیا و آخرت کے بے شمار منافع و فوائد سے مالا مال ہوتے رہیں۔


ہر بلا سے نجات:۔

حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص صبح و شام کو تین مرتبہ یہ دعا پڑھے تو اس کو دنیا کی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچائے گی۔ ...... ترمذی جلد۲ ص۱۷۳ باب ما جاء في الدعاء اذا صبح و اذا مسي

بِسْمِ اللّٰهِ الَّذِيْ لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِهٖ شَيْئٌ فِي الْاَرْضِ وَ لَا فِي السَّمَآءِ وَ هُوَ السَّمِيْعُ الْعَلِيْمُ


سوتے وقت کی دعائیں:۔

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص بچھونے پر یہ دعا تین مرتبہ پڑھ کر سوئے گا تو اﷲ تعالیٰ اس کے تمام گناہوں کو بخش دے گا اگرچہ اس کے گناہ درختوں کے پتوں اور ٹیلوں کی ریت کی تعداد میں ہوں۔...... ترمذی جلد۲ ص۱۷۴

اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ الْعَظِيْمَ الَّذِيْ لَا اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّوْمُ وَ اَتُوْبُ اِلَيْهِ

حضور اکرم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم سوتے وقت یہ دعا پڑھا کرتے تھے

اَللّٰهُمَّ بِاسْمِكَ اَمُوْتُ وَ اَحْييٰ

اور جب نیند سے بیدار ہوتے تو یہ دعا پڑھتے تھے

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ اَحْييٰ نَفْسِيْ بَعْدَ مَا اَمَاتَهَا وَ اِلَيْهِ النُّشُوْرُ ...... ترمذی جلد۲ ص۱۷۷



رات میں جاگے تو کیا پڑھے:۔

حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص رات میں نیند سے بیدار ہو تو یہ دعا پڑھے پھر اس کے بعد جو دعا مانگے گا وہ قبول ہوگی اور وضو کرکے جو نماز پڑھے گا وہ نماز بھی مقبول ہو جائے گی ۔..... ترمذی جلد۲ ص۱۷۷

لَا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ لَهُ الْمُلْكُ وَ لَهُ الْحَمْدُ وَ هُوَ عَلٰي كُلِّ شَيْئٍ قَدِيْرٌ وَّ سُبْحَانَ اللّٰهِ وَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ وَ لَا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ وَ اللّٰهُ اَکْبَرُ وَ لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِ


گھر سے نکلتے وقت کی دعاء:۔

حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص اپنے گھر سے باہر نکلتے وقت یہ دعا پڑھ لے تو اس کی مشکلات دور ہو جائیں گی اور وہ دشمنوں کے شر سے محفوظ رہے گا اور شیطان اس سے الگ ہٹ جائے گا۔....... ترمذی جلد۲ ص۱۸۰)

بِسْمِ اللّٰهِ تَوَكَّلْتُ عَلَي اللّٰهِ لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِ


بازار میں داخل ہو تو یہ پڑھے:۔

ارشادِ نبوی ہے کہ جو شخص بازار میں داخل ہوتے وقت ان کلمات کو پڑھ لے تو خداوند تعالیٰ دس لاکھ نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں لکھنے کا حکم فرمائے گا اور اس کے دس لاکھ گناہوں کو مٹا دے گا اور اس کے دس لاکھ درجے بلند فرمائے گا۔.... ترمذی جلد۲ ص۱۸۰

لَآ اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ لَهُ الْمُلْكُ وَ لَهُ الْحَمْدُ يُحْيِيْ وَ يُمِيْتُ وَ هُوَ حَيٌّ لَّا يَمُوْتُ بِيَدِهِ الْخَيْرُ وَ هُوَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِيْرٌ


دعاء سفر:۔

حضرت عبداﷲ بن سرجس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام جب سفر کے لئے روانہ ہوتے تو یہ دعا پڑھتے تھے۔.... ترمذی جلد۲ ص۱۸۱

اَللّٰهُمَّ اَنْتَ الصَّاحِبُ فِي السَّفَرِ وَ الْخَلِيْفَةُ فِي الْاَهْلِ اَللّٰهُمَّ اصْحَبْنَا فِيْ سَفَرِنَا وَ اخْلُفْنَا فِيْ اَهْلِنَا اَللّٰهُمَّ اِنِّيْٓ اَعُوْذُ بِكَ مِنْ وَعْثَآءِ السَّفَرِ وَکَآبَةِ الْمُنْقَلَبِ وَ مِنَ الْحَوْرِ بَعْدَ اْلکَوْرِ


سفر سے آنے کی دعاء:۔

حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم جب سفر سے لوٹ کر اپنے کاشانۂ نبوت پر مدینہ تشریف لاتے تو یہ دعا پڑھتے۔... ترمذی جلد۲ ص۱۸۲

اٰئِبُوْنَ تَائِبُوْنَ عَابِدُوْنَ لِرَبِّنَا حَامِدُوْنَ


منزل پر اس دعاء کا ورد کرے:۔

رحمۃ للعالمین صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جو شخص سفر میں کسی جگہ پڑاؤ کرے اور یہ دعا پڑھ لے تو اس کو اس جگہ کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچے گا۔ .... ترمذی جلد۲ ص۱۸۱

اَعُوْذُ بِكَلِمَاتِ اللّٰهِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّمَا خَلَقَ


بے چینی کے وقت کی دعاء:۔

حضرت عبداﷲ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے ہیں کہ حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کو جب کوئی بے چینی اور پریشانی لاحق ہوا کرتی تھی تو اس وقت آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم اس دعا کا ورد فرماتے تھے۔.... ترمذی جلد۲ ص۱۸۱

لَآ اِلٰـهَ اِلَّا اللّٰهُ الْحَلِيْمُ الْحَكِيْمُ لَآ اِلٰـهَ اِلَّا اللّٰهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيْمِ لَآ اِلٰـهَ اِلَّا اللّٰهُ رَبُّ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ رَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيْمِ


کسی مصیبت زدہ کو دیکھ کر یہ پڑھے:۔

حضور سرورِ دو عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص کسی بلا میں مبتلا ہونے والے کو دیکھے (بیمار یا مصیبت زدہ کو) تو یہ دعا پڑھ لے تو تمام عمر وہ اس بلا (بیماری یا مصیبت) سے بچا رہے گا۔.... ترمذی جلد۲ ص۱۸۱

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ عَافَانِيْ مِمَّا ابْتَلاَكَ بِهٖ وَ فَضَّلَنِيْ عَلٰي کَثِيْرٍ مِّمَّنْ خَلَقَ تَفْضِيْلًا


کسی کو رخصت کرنے کی دعاء:۔

حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم جب کسی انسان کو رخصت فرماتے تھے تو یہ کلمات زبانِ مبارک سے ارشاد فرماتے تھے کہ

اَسْتَوْدِعُ اللّٰهَ دِيْنَكَ وَ اَمَانَتَكَ وَ خَوَاتِيْمَ عَمَلِكَ ..... ترمذی جلد۲ ص۱۸۲


کھانا کھا کر کیا پڑھے:۔

حضرت ابو امامہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے سامنے سے جب دستر خوان اٹھایا جاتا تھا تو آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم یہ دعا پڑھتے تھے۔..... ترمذی جلد۲ ص۱۸۳

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ حَمْدًا کَثِيْرًا طَيِّبًا مُّبَارَكاً فِيْهِ غَيْرَ مُوَدَّعٍ وَّ لَا مُسْتَغْنًي عَنْهُ رَبَّنَا


آندھی کے وقت کی دعاء:۔

حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم جب آندھی چلتی تو یہ دعا پڑھتے تھے۔.... ترمذی جلد۲ ص۱۸۳

اَللّٰهُمَّ اِنِّيْ اَسْئَلُكَ مِنْ خَيْرِهَا وَ خَيْرِ مَا فِيْهَا وَ خَيْرِ مَا اُرْسِلَتْ بِهٖ وَ اَعُوْذُ بِكَ مِنْ شَرِّهَا وَ شَرِّ مَا فِيْهَا وَ شَرِّ مَا اُرْسِلَتْ بِهٖ


بجلی گرجنے کی دعاء:۔

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام بادلوں کی گرج اور بجلی کی کڑک کے وقت یہ دعا پڑھتے تھے۔..... ترمذی جلد۲ ص۱۸۳

اَللّٰهُمَّ لَا تَقْتُلْنَا بِغَضَبِكَ وَ لَا تُهْلِكْنَا بِعَذَابِكَ وَ عَافِنَا قَبْلَ ذٰلِكَ


کسی قوم سے ڈرے تو کیا پڑھے:۔

حضورِ اکرم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر کسی قوم یا کسی لشکر سے جان و مال وغیرہ کا خوف ہو تو یہ دعا پڑھے۔...... ابو داؤد جلد۱ ص۲۲۲ مجتبائی

اَللّٰهُمَّ اِنَّا نَجْعَلُكَ فِيْ نُحُوْرِهِمْ وَ نَعُوْذُ بِكَ مِنْ شُرُوْرِهِمْ


قرض ادا ہونے کی دعاء:۔

مشہور صحابی حضرت ابو سعید خدری رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ حضور سید عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم ایک دن مسجد میں تشریف لے گئے تو آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے وہاں حضرت ابو امامہ انصاری رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کو دیکھا آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے ابو امامہ ! رضی اللہ تعالیٰ عنہ تم اس وقت میں جب کہ نماز کا وقت نہیں ہے مسجد میں کیوں اور کیسے بیٹھے ہوئے ہو، حضرت ابو امامہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا کہ یا رسول اﷲ! (عزوجل و صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) میں بہت سے افکار اور قرضوں کے بار سے زیر بار ہو رہا ہوں۔ ارشاد فرمایا کہ کیا میں تم کو ایک ایسا کلام نہ تعلیم کروں کہ جب تم اس کو پڑھو تو اﷲ تعالیٰ تمہاری فکر کو دفع فرما دے اور تمہارے قرض کو ادا کر دے ؟ حضرت ابو امامہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا کہ کیوں نہیں ! یا رسول اﷲ ! (عزوجل و صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) ضرور مجھے ارشاد فرمائیے۔ تو آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تم روزانہ صبح و شام کو یہ دعا پڑھ لیا کرو۔..... ابو داود جلد۱ ص۲۲۴

اَللّٰهُمَّ اِنِّيْ اَعُوْذُبِكَ مِنَ الْهَمِّ وَ الْحُزْنِ وَ اَعُوْذُبِكَ مِنَ الْعَجْزِ وَ الْكَسْلِ وَ اَعُوْذُبِكَ مِنَ الْجُبْنِ وَ الْبُخْلِ وَ اَعُوْذُبِكَ مِنْ غَلَبَةِ الدَّيْنِ وَ قَهْرِ الرِّجَالِ

حضرت ابو امامہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے اس دعا کو پڑھا تو میری فکر جاتی رہی اور خداوند تعالیٰ نے میرے قرض کو بھی ادا فرما دیا۔


جمعہ کے دن بکثرت درود شریف پڑھو:۔

حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تمہارے دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن ہے۔ لہٰذا اس دن مجھ پر بکثرت درود پڑھا کرو کیونکہ تم لوگوں کا درود شریف میرے حضور پیش کیا جاتا ہے۔ صحابہ کرام رضی اﷲ تعالیٰ عنہم نے عرض کیا کہ یا رسول اﷲ ! (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) جب قبر شریف میں آپ کاجسم مبارک بکھر کر پرانی ہڈیوں کی صورت میں ہوجائے گا تو ہم لوگوں کا درود شریف کیسے آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے دربار میں پیش ہوا کرے گا ؟ تو حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ

اِنَّ اللّٰهَ حَرَّمَ عَلَي الْاَرْضِ اَجْسَادَ الْاَنْبِيَآءِ

یعنی اﷲ تعالیٰ نے حضرات انبیاء علیہم السلام کے جسموں کو زمین پر حرام فرما دیا ہے۔.... ابو داؤد جلد۱ ص ۲۲۱ مجتبائی


ضروری تنبیہ:۔

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ تمام حضرات انبیاء علیہم السلام کے مقدس اجسام انکی مبارک قبروں میں سلامت رہتے ہیں اور زمین پر حضرت حق جل جلالہ نے حرام فرما دیا ہے کہ ان کے مقدس جسموں پر کسی قسم کا تغیر و تبدل پیدا کرے۔ جب تمام انبیاء علیہم السلام کی یہ شان ہے تو پھر بھلا حضور سید الانبیاء و سید المرسلین اور امام الانبیاء و خاتم النبییّن صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے مقدس جسم انور کو زمین کیونکر کھا سکتی ہے ؟ اس لئے تمام علماء امت و اولیاء امت کا یہی عقیدہ ہے کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم اپنی قبر اطہر میں زندہ ہیں اور خداعزوجل کے حکم سے بڑے بڑے تصرفات فرماتے رہتے ہیں اور اپنی خداداد پیغمبرانہ قوتوں اور معجزانہ طاقتوں سے اپنی امت کی مشکل کشائی اور ان کی فریاد رسی فرماتے رہتے ہیں۔


مرغ کی آواز سن کر دعاء:۔

حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ جب تم لوگ مرغ کی آواز سنو تو اﷲ تعالیٰ سے اسکے فضل کا سوال کرو کیونکہ مرغ فرشتہ کو دیکھ کر بولتا ہے۔ یعنی یہ دعا پڑھو

اَسْئَلُ اللّٰهَ مِنْ فَضْلِهِ الْعَظِيْمِ ..... مسلم جلد۲ ص۳۵۱


گدھا بولے تو کیا پڑھے:۔

حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ گدھے کی آواز سن کر شیطان سے اﷲ تعالیٰ کی پناہ مانگو۔ یعنی اَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْم ِ .... مسلم جلد۲ ص۳۵۱


جنت کا خزانہ:۔

حضرت عبداﷲ بن قیس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ مجھ سے حضوراقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں تیری رہنمائی ایسے کلمہ پر نہ کروں جو جنت کے خزانوں میں سے ہے ؟

میں نے عرض کیا کہ یا رسول اﷲ (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) وہ کون سا کلمہ ہے ؟

تو ارشاد فرمایا کہ وہ کلمہ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِ ہے


بہشت کا ٹکٹ:۔

حضورِ انور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو اس دعا کو پڑھتا رہے اس کے لئے جنت واجب ہو گئی۔ وہ دعا یہ ہے :

رَضِيْتُ بِاللّٰهِ رَبًّا وَّ بِالْاِسْلَامِ دِيْنًا وَّ بِمُحَمَّدٍ صَلَّي اللّٰهُ تَعَالٰي عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رُسُوْلًا...... ابو داؤد جلد۱ ص۲۲۱ مجتبائی


سید الاستغفار:۔

حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو مسلمان یقین قلب کے ساتھ دن میں اس دعا کو پڑھ لے گا اگر اس دن شام سے پہلے مرے گا تو جنتی ہوگا۔ اور اگر رات میں پڑھ لے گا اور صبح سے پہلے مرے گا تو جنتی ہوگا اس دعا کا نام سید الاستغفار ہے جو یہ ہے

اَللّٰهُمَّ اَنْتَ رَبِّيْ لَآ اِلٰهَ اِلَّا اَنْتَ خَلَقْتَنِيْ وَ اَنَا عَبْدُكَ وَ اَنَا عَلٰي عَهْدِكَ وَ وَعْدِكَ مَا اسْتَطَعْتُ اَعُوْذُبِكَ مِنْ شَرِّ مَا صَنَعْتُ اَبُوْءُ لَكَ بِنِعْمَتِكَ عَلَيَّ وَ اَبُوْءُ بِذَنْبِيْ فَاغْفِرْلِيْ فَاِنَّهٗ لَا يَغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اَنْتَ .... بخاری جلد۲ ص۹۳۳


جماع کی دعاء:۔

حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ اگر کوئی مسلمان اپنی بیوی سے صحبت کرنے سے پہلے یہ دعا پڑھ لے تو اس صحبت سے جو اولاد پیدا ہو گی اس کو کبھی ہرگز شیطان کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ دعا یہ ہے

بِسْمِ اللّٰهِ اَللّٰهُمَّ جَنِّبْنَا الشَّيْطَانَ وَ جَنِّبِ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا ..... بخاری جلد۲ ص۹۴۵


شفاء امراض کے لئے:۔

روایت ہے کہ عبدالعزیز بن صہیب اور ثابت بنانی رضی اللہ تعالیٰ عنہما دونوں حضرت انس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ثابت بنانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا کہ اے ابو حمزہ ! (انس) میں بیمار ہو گیا ہوں۔ حضرت انس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ کیا میں اس دعا سے تمہارے مرض کا جھاڑ پھونک نہ کر دوں جس دعا سے حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم مریضوں پر شفا کے لئے دم فرمایا کرتے تھے ؟ ثابت بنانی رضی اﷲ تعالیٰ عنہنے کہا کہ کیوں نہیں۔ اس کے بعد حضرت اَنس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے یہ دعا پڑھی کہ

اَللّٰهُمَّ رَبَّ النَّاسِ مُذْهِبَ الْبَاْسِ اِشْفِ اَنْتَ الشَّافِيْ لَا شَافِيَ اِلَّا اَنْتَ شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَمًا .... بخاری جلد۲ ص۸۵۵ باب رقیة النبی صلي الله تعالیٰ علیه وسلم


مصیبت پر نعم البدل ملنے کی دعاء:۔

حضرت اُم المؤمنین بی بی اُمِ سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم سے یہ سنا تھا کہ کسی مسلمان کو کوئی مصیبت پہنچے تو وہ

اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ اَللّٰهُمَّ اَجِرْنِيْ فِيْ مُصِيْبَتِيْ وَ اخْلُفْ لِيْ خَيْرًا مِّنْهَا

پڑھ لے تو اﷲ تعالیٰ اس مسلمان کو اس کی ضائع شدہ چیز سے بہتر چیز عطا فرمائے گا۔


حضرت بی بی اُمِ سلمہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ جب میرے شوہر حضرت ابو سلمہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا انتقال ہو گیا تو میں نے (دل میں) کہا کہ بھلا ابو سلمہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے بہتر کون مسلمان ہوگا ؟ یہ پہلا گھر ہے جو حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے پاس مکہ سے ہجرت کر کے مدینہ پہنچا لیکن پھر میں نے اس دعا کو پڑھ لیا تو اﷲ تعالیٰ نے مجھے ابو سلمہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے بہتر شوہر عطا فرمایا کہ رسول اﷲ عزوجل و صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے مجھ سے نکاح فرما لیا۔.... مسلم جلد۱ ص۳۰۰ کتاب الجنائز


Wednesday, August 27, 2014

درود شریف اور ذکرالٰہی

عربی لغت میں”صدر“ سینے کو کہتے ہیں اور سینے کی اہمیت دل کی وجہ سے ہے قرآن مجید کا موضوع انسان ہے اور انسانی وجود میں سب سے اہم قلب یعنی دل ہےدل کی اہمیت یہ ہےکہ قرآن مجید نےکہیں بھی دماغ کا لفظ استعمال نہیں کیا



ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ترجمہ: ” اورجس کے لئے اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ اسے ہدایت دے تو اس کا سینہ اسلام کے لئے کھول دیتا ہے اور جس کے لئے چاہتا ہے کہ وہ گمراہ ہو اس کا سینہ تنگ کر دیتا ہے (انعام126.)


عربی لغت میں”صدر“ سینے کو کہتے ہیں اور سینے کی اہمیت دل کی وجہ سے ہے قرآن مجید کا موضوع انسان ہے اور انسانی وجود میں سب سے اہم قلب یعنی دل ہے دل کی اہمیت یہ ہے کہ قرآن مجید نے کہیں بھی دماغ کا لفظ استعمال نہیں کیا بلکہ ہدایت وگمراہی‘ عقل وشعور ، اسلام اور ایمان کاتعلق دل سے قائم کیا ہے۔

  
حضورﷺ نے فرمایا”انسان کے جسم میں ایک لوتھڑا ہے اگر وہ درست ہے تو سارا جسم درست اور اگر وہ خراب ہے تو سارا جسم خراب، آگاہ رہو وہ دل ہے“ 

قرآن مجید کے مطابق معنوی لحاظ سے دل کی دو قسمیں ہیں۔

١ ہدایت یافتہ اور روشن و منوردل ترجمہ ”پس جس کا سینہ اللہ تعالی نے کھول دیا وہ اپنے رب کی طرف سے روشنی پرہو جاتا ہے"۔

٢ غافل وتاریک دل کیلئے ارشاد باری تعالیٰ ہے، ترجمہ: ”تباہی ہے سخت دلوں کے لئے جواللہ کے ذکر سے غافل ہیں“ قرآن مجید کے مطابق دلوں کا اطمینان صرف اللہ تعالی کے ذکر سے ہی ممکن ہے فرمایا گیا ترجمہ ”بے شک اللہ تعالیٰ کے ذکر سے دلوں کو سکون واطمینان ملتا ہے“


سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اللہ تعالی کونسا ذکر کرنا پسند فرماتا ہے خیال رہے کہ اس کا جواب سورة الاخراب کی 56 نمبر آیت میں موجود ہے۔ترجمہ: ”بے شک اللہ تعالی اوراس کے فرشتے اس نبیﷺ پر درود بھیجتے ہیں اے ایمان والو تم بھی مل کرآپﷺ پردرود بھیجو اورسلام بھیجو نہایت عاجزی کے ساتھ“۔

یہ آیت مبارکہ ہجرت کے دوسرے سال نازل ہوئی حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں ”جب یہ آیت نازل ہوئی تو آپﷺ کاچہرہ مبارک گلنار ہوگیا اور فرمایا۔
”مجھے مبارک باد پیش کرو کہ آج وہ آیت نازل ہوئی جو دنیا اور مافیھا کی ہر چیز سے بہتر ہے“ اس پر میں نے کہا ”اے اللہ کے رسولﷺ آپ کو یہ نعمت مبارک ہو“ ۔

صحیح بخاری شریف میں ابوالعالیہ سے روایت ہے کہ جب اس بابرکت عمل کی نسبت اللہ تعالی سے کی جائے تو صلوة کامطلب ہے کہ اللہ تعالی فرشتوں کی بھری محفل میں اپنے محبوب محمدﷺ کی تعریف وثناء کرتا ہے۔


علامہ قرطبی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”اللہ تعالی کی طرف سے صلوة کا مطلب دعائے خیر اور امت کی طرف سے اس کا مطلب درود شریف‘ دعا اور آپﷺ کی تعظیم وتکریم کرنا ہے“۔مذکورہ بالا آیت تین پہلووٴں کی طرف اشارہ کرتی ہے ۔


 قدامت درود: یعنی جب سے اللہ تعالیٰ ہے اورجب سے فرشتے ہیں اتنا ہی درود شریف بھی قدیم ہے کیونکہ وہ تب ہی سے آپﷺ پر درود شریف بھیج رہے ہیں“۔


قدوقامت ِ درود : یعنی اللہ تعالیٰ جو لامحدود ہے اس کی طرف سے درود شریف کی معنویت بھی لامحدود ہوگی‘ فرشتوں کے درود کی مقدار اورقدرو قیمت کا صحیح اندازہ کسی کے بس کی بات نہیں۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ اگر مخلوق کو دس حصّوں میں تقسیم کر دیا جائے تو نو حصے فرشتوں کے ہوں گے اورایک حصہ باقی تمام مخلوق کا۔


مداومت درود : اس کامطلب یہ ہے کہ درود شریف کا عمل ابد تک جاری رہے گا۔درود شریف زمان ومکاں کی قیود سے آزاد ہے یہ مخصوص زمانے یا مخصوص وقت کی بجائے ہر زمانے اور ہر وقت میں پڑھا جانے والا عمل ہے۔ کائنات کے درہم برہم ہونے پربھی اوراللہ تعالی اوراس کے فرشتوں کا اس نبی مکرمﷺ پردرود شریف بھیجنے کا عمل جاری و ساری رہے گا۔


مذکورہ بالا آیت کے مطابق سنتِ الیہ اورسنتِ ملائکہ کے عمل کو عظمت اور رفعتِ شان بیان کرنے کے بعد پھر ایمان والو کو اس کا باقاعدہ حکم دیا گیا۔ ترجمہ ”اے ایمان والو مل کر درود شریف بھیجو اور سلام بھیجو خوب خوب عاجزی کے ساتھ۔
 
دنیا میں دن رات کے ہر لمحہ اذان اورنماز جاری ہے اورکوئی نماز اور اذان ایسی نہیں ہے جس میں ذکرالٰہی کے ساتھ ذکر رسولﷺ موجود نہ ہو یہ ”ورفعنالک ذکرک“ کی ایک مثال ہے مسلمان دن میں 44 رکعتوں میں 16مرتبہ درودشریف اور23 مرتبہ حضورﷺ پر ان الفاظ میں سلام بھیجتے ہیں۔صحاح ستہ میں درود ابراہیمی کے 36 صحیفے منقول ہیں۔

حضرت ابو ہریراہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا۔ ”جوشخص مجھ پرایک بار درود پڑھے اللہ تعالی اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا۔ (صحیح مسلم حدیث نمبر498)۔


حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ کریم روٴف ورحیمﷺ نے فرمایا۔

 ترجمہ: جومجھ پر ایک بار درود شریف پڑھے گا اللہ تعالی اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا اوراس کے دس گناہ معاف کئے جائیں گے اور اس کے درجات بلند کئے جائیں گے (نسائی حدیث نمبر1296)۔


حضرت ابوہریرہ سے ایک اور روایت ہے کہ میں نے حضور سید المرسلین کو یہ فرماتے سنا” مجھ پر درود شریف بھیجا کرو تمہارا درود شریف مجھے پہنچتا ہے‘ تم جہاں بھی ہو۔ ابوداوٴد حدیث نمبر(2042)


الحمد اللہ حضورﷺ کا اپنی امت کودرود شریف کی تلقین و ترغیب کرنا آپﷺ کا ہم پر ایک اور احسانِ عظیم ہے کیونکہ اس طرح درود شریف بھیج کرامتِ محمدﷺ پر سنتِ الیہہ اورسنتِ ملائکہ میں شامل ہوجاتی ہے“ یہ وہ واحد مشترکہ عمل ہے جس میں اللہ تعالی نے اپنے اور فرشتوں کے ساتھ مومنین کو بھی شامل کیا ہے۔