حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے فوراً بعد عہدِ
خلفائے راشدین کے زمانہ میں جو بڑے بڑے ’’محدثات‘‘ (دین میں نئے فتنے) پیدا ہوئے -
جن کو بدعات کہا گیا اور جن کے خلاف جہاد بالسیف کیا گیا - درج ذیل ہیں
فتنہ دعوی نبوت کو اِحداث فی الدین قرار دیا گیا
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے فوری بعد جھوٹے مدعیان نبوت کا فتنہ ظاہر ہوا اور ان کا یہ دعوی نبوت ’’احداث فی الدین‘‘ تھا۔ اَسود بن عنزہ عنسی، طلیحہ اَسدی اور مسیلمہ کذاب جیسے جھوٹی نبوت کے دعوے داروں کے خلاف حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے لشکر روانہ کیے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے ان کے خلاف جہاد کیا۔فتنہ اِرتداد کو اِحداث فی الدین قرار دیا گیا
لشکرِ اُسامہ رضی اللہ عنہ کی روانگی کے بعد سرزمین عرب میں اِحداث کی شکل میں ایک اور فتنہ رُونما ہوا جسے فتنہ اِرتداد کہا جاتا ہے۔ عرب کے نومسلم قبائل اسلام سے پھر گئے اور دوبارہ اپنی پرانی روش پر چل نکلے۔ اس پر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اس فتنہ کا قلع قمع کیا۔
طبری، تاريخ الأمم والملوک، 2 : 254
فتنۂ منکرینِ زکوٰۃ کو اِحداث فی الدین قرار دیا گیا
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد عرب میں فتنہ اِرتداد پھیل جانے کے ساتھ ساتھ بعض قبائل نے زکوٰۃ کی ادائیگی سے انکار کر دیا۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ان کے خلاف جنگ کا اِرادہ کرتے ہوئے فرمایا
واﷲ! لأقاتلن من فرّق بين الصلاة والزکاة، فإن الزکاة حق
المال، واﷲ! لو منعونی عناقاً کانوا يؤدّونها إلی رسول اﷲ صلی الله عليه وآله
وسلم ، لقاتلتهم علی منعها.
اللہ کی قسم! میں اس کے خلاف ضرور لڑوں گا جس نے نماز اور زکوٰۃ کے درمیان فرق
کیا، کیوں کہ زکوٰۃ بیت المال کا حق ہے۔ اللہ کی قسم! اگر انہوں نے مجھے ایک رسی دینے
سے بھی انکار کیا جو وہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ادا کرتے تھے
تو اس انکار پر بھی میں ان سے ضرور قتال کروں گا۔
بخاری، الصحيح، کتاب الزکاة ، باب وجوب الزکاة، 2 : 507، رقم : 1335
. بخاری، الصحيح، کتاب استتابة المرتدين، باب قتل من أبی قبول الفرائض،
6، 2538، رقم : 6526
. مسلم، الصحيح، کتاب الإيمان، باب الأمر بقتال الناس حتی
يقولوا لا إله إلا اﷲ
محمد رسول اﷲ، 1 : 51، رقم : 20
فتنہ خوارج کو اِحداث فی الدین قرار دیا گیا
فتنہ خوارج کی اِبتداء سیدنا علی المرتضيٰ رضی اللہ عنہ کے دور میں ہوئی۔ جب صفین کے مقام پر سیدنا علی المرتضيٰ رضی اللہ عنہ اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ میں کئی روز تک لڑائی جاری رہی، جس کے نتیجے میں ہزارہا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین شہید ہوئے۔ بالآخر فیصلہ کیا گیا کہ طرفین میں سے دو معتمد اشخاص کو حَکَم بنایا جائے جو قرآن و سنت کے مطابق کوئی ایسی تدبیر نکالیں جس سے لڑائی کا خاتمہ ہو۔ چنانچہ سیدنا علی المرتضيٰ رضی اللہ عنہ کی طرف سے ابو موسيٰ عبد اللہ بن قیس اشعری رضی اللہ عنہ اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف سے عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ مقرر ہوئے اور عہد نامہ لکھاگیا جس کے نتیجہ میں لڑائی تھم گئی۔پھر اَشعث بن قیس نے اس کاغذ کو لے کر ہر ہر قبیلہ کے افراد کو سنانا شروع کردیا۔ جب وہ بنی تمیم کے لوگوں کے پاس آئے جن میں ابو بلال کا بھائی عروہ بن اَدَیہ بھی تھا اور ان کو پڑھ کر سنایا تو عروہ نے کہا
تحکّمون فی أمر اﷲ ل الرجال؟ لاحکم إلا ﷲ
تم اللہ کے اَمر میں انسانوں کو حَکَم بناتے ہو؟ سوائے اللہ کے کسی کا حکم نہیں۔
طبری، تاريخ الأمم والملوک، 3 : 104
ابن أثير، الکامل فی التاريخ، 3 : 196
ابن جوزی، المنتظم فی تاريخ الملوک والأمم، 5 : 123
اس نے یہ کہہ کر اشعث بن قیس کی سواری کے جانور کو تلوار ماری جس سے آپ رضی اللہ
عنہ نیچے گر
پڑے۔ اس پر آپ کے قبیلہ والے اوران کے لوگ جمع ہوگئے اور جھگڑا ہوتے ہوتے رہ گیا۔ سیدنا
علی المرتضيٰ رضی اللہ عنہ جب صفین سے واپس کوفہ پہنچے تو ان کو خوارج کے اس عمل سے آگاہی حاصل
ہوئی تو آپ نے فرمایا
اﷲ أکبر! کلمة حق يراد بها باطل، إن سکتوا عممناهم، وإن
تکلموا حَجَجْناهم، وإن خرجوا علينا قاتلناهم.
ﷲ ہی بڑا ہے۔ بات تو حق ہے مگر مقصود اس سے باطل ہے۔ اگر وہ خاموش رہے تو ہم
ان پر چھائے رہیں گے اور اگر انہوں نے کلام کیا تو ہم ان پر دلیل لائیں گے اور اگر
وہ ہمارے خلاف نکلے تو ہم ان سے لڑیں گے۔
طبری، تاريخ الأمم والملوک، 3 : 114
ابن أثير، الکامل في التاريخ، 3 : 212، 213
دونکم القوم.
’’اس قوم کو لو (یعنی قتل کرو)۔‘‘
حضرت جندب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں
فقتلت بکفی هذه بعد ما دخلنی ما کان دخلنی ثمانية قبل أن
أصلی الظهر، وما قتل منا عشرة ولا نجا منهم عشرة.
میں نے نمازِ ظہر ادا کرنے سے قبل اپنے ہاتھوں سے آٹھ خوارج کو قتل کیا اور ہم
میں سے دس شہید نہ ہوئے اور ان میں سے دس زندہ نہ بچے۔
طبرانی، المعجم الأوسط، 4 : 227، رقم : 4051
هيثمی،مجمع الزوائد ومنبع الفوائد، 4 : 227
لہٰذا صحیح روایات کے مطابق یہ چار طبقات (مدعیانِ نبوت، مرتدینِ اِسلام، منکرینِ زکوۃ، خوارج) محدثات کے مرتکب تھے اور احادیث نے ’’اِحداث‘‘ کے معنی کو ’’اِرتداد‘‘ کے ساتھ مختص کر دیا ہے۔ پس اِحداث کا معنی اِرتداد ہوگا اور یہی بدعتِ ضلالت و بدعتِ سیئہ اور داخلِ دوزخ شمار ہوگی۔
No comments:
Post a Comment